پی آئی اے کا دوران پرواز سگریٹ نوشی پر 1 لاکھ روپے جرمانے کا اعلان

پی آئی اے کا دوران پرواز سگریٹ نوشی پر 1 لاکھ روپے جرمانے کا اعلان
کیپشن: PIA announces a fine of Rs 1 lakh for smoking during flight(file photo)

ایک نیوز: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ( پی آئی اے) نے دوران پرواز تمباکونوشی کے قوانین کی خلاف ورزی پر کرنے والے ملازمین پر 1 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 

پی آئی اے انتظامیہ نے دوران پرواز سگریٹ نوشی کے جرم میں ملوث پائے جانے والے ایک ملازم کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جو بھی سگریٹ نوشی کرتا پایا گیا اسے 1 لاکھ روپے تک جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ 

قومی ایئرلائن کی مینجمنٹ نے ایک سرکلر میں اعلان کیا ہے کہ ان کے ایئرکرافٹ پر غیرملکی ایئرکرافٹ انسپکشن ٹیم نے حفاظتی معیار کو جانچا تو کاک پٹ کریو کو 'نو سموکنگ آن بورڈ' گائیڈ لائن کی خلاف ورزی کرتے پایا گیا۔ 

ایئرلائن نے واضح کیا کہ دوران پرواز سگریٹ نوشی پر زیروٹالرنس پالیسی وضع کی گئی ہے۔ 

گزشتہ سرکلرز میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی ملازم دوران پرواز سگریٹ نوشی کرتا پایا گیا تو اس پر 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ایسے کریو ممبر جو خلاف ورزی کی رپورٹ نہیں کریں گے۔ ان کو بھی شریک جرم تصور کیا جائے گا اور ان پر بھی وہی جرمانہ عائد ہوگا۔