لاہور ہائیکورٹ کی سابق جج  ریٹائرڈجسٹس فخر النساکھوکھر انتقال کر گئیں

لاہور ہائیکورٹ کی سابق جج  ریٹائرڈجسٹس فخر النساکھوکھر انتقال کر گئیں
کیپشن: لاہور ہائیکورٹ کی سابق جج  ریٹائرڈجسٹس فخر النساکھوکھر انتقال کر گئیں

ایک نیوز نیوز: لاہور ہائیکورٹ کی سابق جج  ریٹائرڈ جسٹس فخر النساکھوکھر انتقال کر گئیں۔

تفصیلات کے مطابق  لاہورہائیکورٹ کے سابق جج ریٹائرڈ جسٹس فخرالنسا کھوکھرعلالت کے باعث انتقال کر گئیں۔ترجمان لاہور ہائیکورٹ کے مطابق فخر النسا کھوکھر نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ انتقال کر گئیں۔

جسٹس فخر النسا کھوکھر نے 1994 میں پہلی دفعہ  اپنی دو دیگر ساتھی خاتون وکلا کے ہمراہ لاہور ہائیکورٹ کےجج کاعہدہ سنبھالا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ میں پہلی بار1994ء میں اس وقت تین خواتین وکلا کو لاہور ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا جب پیپلز پارٹی کی مقتول سربراہ بینظیر بھٹو نے دوسری بار وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا۔
ان خواتین وکلا میں فخرالنساء کھوکھر، ناصرہ جاوید اقبال اور طلعت یعقوب شامل تھیں جنہوں نے اپنے ہائی کورٹ کے جج کا حلف اٹھایا۔
تاہم سپریم کورٹ کے معروف’ججزز کیس‘ کے فیصلے کے مطابق خواتین ججوں میں صرف جسٹس فخرالنساء کھوکھر ہی اپنے عہدے پر قائم رہنے کی اہل قرار پائیں۔
جسٹس فخرالنساء کھوکھر جون دو ہزار چار میں لاہور ہائی کورٹ کی سینیئر ترین جج کی حیثیت سے ریٹائر ہوئیں اور اس وقت چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس افتخار حسین چوہدری کے ساتھ اختلافات کے باعث ان کے اعزاز میں روایتی الوداعی تقریب نہیں ہوئی۔
جسٹس ریٹائرڈ فخر النساء کھوکھر نے اپنی زندگی پر مشتمل کتاب’’وکالت، عدالت اور ایوان تک ‘‘ بھی لکھی اشاعت کے بعد اسے قانونی برادری میں مقبولیت حاصل ہوئی۔
جسٹس افتخار حسین چوہدری سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے قریب ہونے کی وجہ سے اپنی ریٹائرمنٹ تک چیف جسٹس رہے اور اسی وجہ سے فخرالنساء چیف جسٹس ہائی کورٹ نہ بن سکیں۔ 
فخرالنساء کھوکھر اور ناصرہ جاوید دونوں کو یہ اعزاز بھی حاصل ہیں وہ بطور وکیل  لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے جسٹس ریٹائرڈ فخر النساء کھوکھر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ فخر النساء کھوکھر مرحومہ کی بطور جج اور ممبر قومی اسمبلی خدمات ناقابل فراموش ہیں، پارٹی قیادت اور کارکن جسٹس فخر النساء کھوکھر کے انتقال پر رنجیدہ ہیں۔ انہوں نے جسٹس ریٹائرڈ فخر النساء مرحومہ کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار   کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔