یوکرین کے غیر مسلح ہونے تک جنگ جاری رکھیں گے،روسی صدر

یوکرین کے غیر مسلح ہونے تک جنگ جاری رکھیں گے،روسی صدر
ماسکو:روسی صدرپوتن نے کہا ہے کہ یوکرائن کے لیے فوجی امداد بغیر کسی نتیجے کے جاری نہیں رہے گی،یوکرین میں فوجی آپریشن اختتام تک جاری رہے گا۔روس کی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام سفارتی طریقے مسدود ہوگئے ہیں اور اب ہمیں جنگ کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا ہے۔ یوکرین کے غیر مسلح ہونے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق روسی صدر نے فوجی آپریشن کے حوالے سے ایک تقریر میں وضاحت کی کہ یوکرین نے مغربی طاقتوں کی مدد سے ہمارے خلاف جارحیت کا منصوبہ بنایا۔ یوکرین کو ہمارے خلاف جنگ میں استعمال ہونے والے محاذ میں تبدیل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اپنی تقریر میں روسی صدر نے عندیہ دیا کہ روس کے پاس یوکرین پر حملے کے علاوہ قومی سلامتی کے تحفظ کا کوئی آپشن نہیں ہے اور یہ کہ مغرب یوکرین پر فوجی آپریشن کو ان کے ملک پر پابندیاں لگانے کے بہانے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
پوتن نے انکشاف کیا کہ ان کے ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کی سطح میں اضافہ ہوگا مگرہم ان مسائل سے نمٹیں گے۔صدر پوتین نے کہا کہ ان کا ملک یوکرین پر قبضہ نہیں کرنا چاہتا بلکہ ڈونباس کے رہائشیوں کی مدد کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کیف میں حکام پر جھوٹ پھیلانے اور ڈونیٹسک پر بمباری جاری رکھنے کا الزام لگایا۔