قومی اسمبلی کا اجلاس پیر تک کے لئے ملتوی کردیا گیا

قومی اسمبلی کا اجلاس پیر تک کے لئے ملتوی کردیا گیا
اسلام آباد:قومی اسمبلی کا اہم اجلاس اسپیکر اسد قیصر نے پیر 28 مارچ تک ملتوی کردیا ہے۔
اجلاس میں شرکت کے لئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ایوان میں موجود ہیں جبکہ آصف زرداری، راجہ پرویز اشرف، احسن اقبال اور دیگر ارکان ایوان میں پہنچے تھے۔
اجلاس کے آغاز پر فاتحہ خوانی کا سلسلہ ہوا جس کا فریضہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے انجام دیا۔
بعدازاں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اجلاس کو بغیر کسی ایجنڈےکو سنے اسے پیر کی شام 4 بجے تک ملتوی کردیا ہے۔اس حوالے سے اسپیکر کا کہنا تھا کہ روایت کے مطابق رکن کی وفات کے احترام میں ایجنڈا مؤخر کیا جاتا ہے اور یہ روایت آج نہیں پہلے سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پر قانون کے مطابق کارروائی کروں گا جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بروز پیر شام چار بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اجلاس کے لئے یپلز پارٹی، جمیعت علمائے اسلام اور مسلم لیگ ن کی جانب سے ایوان میں ارکان کی گنتی بھی کی گئی۔
حکومتی اتحادی اراکین کی بڑی تعداد ایوان میں موجود نہیں ہیں جبکہ حکومت کے منحرف اراکین بھی نہیں ہے۔
اسپیکر کے اس اقدام پر اپوزیشن کا شدید احتجاج کیا گیا جبکہ اسپیکر کی طرف سے اپوزیشن لیڈر کو بولنے کی اجازت نہیں دی گئی۔