پارٹی نے نئے انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں:اسد عمر

پارٹی نے نئے انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں:اسد عمر
اسلام آباد:پاکستان تحریک انٖصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ پارٹی نے نئے انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگلےعام انتخابات میں 89 دن باقی رہ گئے ہیں اور نئے انتخابات ہی موجودہ صورتحال کا حل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کل مرکزی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں ٹکٹ کی تقسیم کے معاملے پرغور کیا جائیگا۔
ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 63اے کی تشریح کی پٹیشن عدالت میں زیر سماعت ہے اور منحرف ارکان کےخلاف نااہلی ریفرنس اسپیکر آفس میں جمع کروائیں گے کیونکہ کوئی رکن منحرف ہو پارٹی چھوڑے توریفرنس اسپیکر کو جمع ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارا ماننا ہے کہ یہ نااہلی تاحیات ہوگی کیونکہ جمہوری نظام میں بکنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آئین کے درس دیے جارہے ہیں لیکن آئین میں کہاں لکھا ہے کہ پیسے دے کر وفاداریاں خریدی جائیں اور اپوزیشن کی جانب سے پیسے دے کرآئین کی دھجیاں پہلے ہی اڑادی گئی ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ باہر سے ملکی سیاست میں مداخلت ہورہی ہے لیکن فیصلہ اب سپریم کورٹ ہی کرے گی،، امید ہے ایسا فیصلہ کرے گی جس سے انتشار نہیں پھیلے گا ۔