دل لگانے کی سزا؛70سالہ ڈاکٹر کو کروڑوں کا چونا لگ گیا

دل لگانے کی سزا؛70سالہ ڈاکٹر کو کروڑوں کا چونا لگ گیا
ایک نیوز نیوز: بھارت میں دل کے 70 سالہ ڈاکٹر کو دوسری شادی کی خواہش مہنگی پڑگئی، ٹھگوں نے ڈاکٹر کو شادی کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے لوٹ لیے۔

انڈین میڈیا کے مطابق 70 سالہ ڈاکٹر کی اہلیہ کا 2019 میں انتقال ہوا تھا جس کے بعد اس نے اخبار میں دوسری شادی کا اشتہار دیا۔ اس اشتہار کو دیکھ کر ایک خاتون نے اس سے رابطہ کیا اور بتایا کہ وہ امریکی ریاست فلوریڈا میں میرین انجینئر کے طور پر کام کرتی ہے اور اس کے شوہر کی موت ہوچکی ہے۔
دونوں کے درمیان رابطے بڑھنے لگے، خاتون نے بتایا کہ وہ ممبئی میں بزنس شروع کرنا چاہتی ہے، اس نے سات لاکھ ڈالر مالیت کا سونا لے رکھا ہے جو وہ ڈاکٹر کے پتے پر ارسال کر رہی ہے۔ بعد ازاں ایک شخص آیا اور اس نے ڈاکٹر سے لائسنس فیس اور کسٹم ڈیوٹی سمیت دیگراخراجات کی مد میں ایک کروڑ80 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا جو ڈاکٹر نے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرادیے۔
رقم جمع کرانے کے بعد خاتون کی جانب سے مزید رقم کا مطالبہ کیا گیا جس پر ڈاکٹر نے مخالفت کی تو خاتون نے فون کاٹ دیا اور اس کے بعد غائب ہوگئی۔ ڈاکٹر کو جب احساس ہوا کہ اس کے ساتھ کیا ہوا ہے تب تک بہت دیر ہوچکی تھی، سائبر کرائم پولیس نے ڈاکٹر کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔