عوام بجلی و گیس بحران کیلئے تیار رہیں،مصدق ملک نےخبردارکردیا

عوام بجلی و گیس بحران کیلئے تیار رہیں،مصدق ملک نےخبردارکردیا
ایک نیوز نیوز: وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام جولائی میں بجلی اور سردیوں میں گیس بحران کے لیے تیار رہیں۔

تفصیلات کے مطابق مصدق ملک کا کہنا ہے کہ حکومت جولائی کیلئے سپاٹ پر ایل این جی کا انتظام نہیں کر سکی اور اب مہنگی قیمتوں پر بھی سپلائر دستیاب نہیں ہیں۔
وزیر مملکت برائے پٹرولیم کا کہنا تھا کہ 2سال پہلے 4 ڈالر کی ایل این جی مل رہی تھی مگر گزشتہ حکومت نے موقع ضائع کیا اور طویل مدتی معاہدے نہیں کیے، اب 40 ڈالر پر بھی ایل این جی دستیاب نہیں ہے۔
وزیرپٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہم فرنس آئل اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار مزید بڑھائیں گے،15 جولائی کے بعد ڈیمز میں پانی کی وجہ سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا، اس سے بھی لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی۔
واضح رہے پاکستان میں اس وقت گرمی کے موسم کی وجہ سے بجلی کی طلب بہت زیادہ ہے اور گیس کی سپلائی کم ہونے سے گیس سے بجلی بنانے کا کام متاثر ہوسکتا ہے۔
یہ خدشات اس لیے بھی مزید بڑھ سکتے ہیں کیونکہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے پہلے ہی صعنتی صارفین کو اطلاع دی ہے کہ اس کی ایک بڑی گیس فیلڈ سالانہ مینٹیننس کے کام کی وجہ سے بند ہے جس کی وجہ سے سندھ اور بلوچستان میں گیس سپلائی میں کمی کا سامنا ہے۔