بجلی کی بندش کیخلاف شہریوں کا احتجاج؛60سالہ خاتون جاں بحق

بجلی کی بندش کیخلاف شہریوں کا احتجاج؛60سالہ خاتون جاں بحق
ایک نیوز نیوز: کراچی کے علاقے لیاری اور مچھر کالونی میں بجلی کی طویل دورانیے کی غیر اعلانیہ بندش کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج آج دوسرے روز بھی جاری ہے، ڈنڈا لگنے سے زخمی خاتون ہلاک ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کے ایکشن اور ماڑی پور روڈ کھلوائے جانے کے باوجود ٹریفک مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی۔
پولیس کے مطابق شہر کے دیگر علاقوں کی طرح لیاری میں بھی بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ احتجاج گزشتہ رات بھی وقفے وقفے سے جاری رہا تاہم منگل کی صبح پولیس نے پھر کارروائی کرکے متعدد مظاہرین کو حراست میں لیا۔
پولیس کی جانب سے متعدد بار ماڑی پور روڈ پر مظاہرین کو ہٹانے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی۔
صبح سے منگل کی دوپہر تک ماڑی پور روڈ پر ٹریفک کو متعدد بار بحال کیا گیا مگر مظاہرین گلیوں سے نکل کر احتجاج کرتے اور ٹریفک معطل کرتے رہے۔
صورت حال اس قدر کشیدہ تھی کہ رینجرز کو بھی علاقے میں طلب کیا گیا مگر کوئی خاص ایکشن دیکھنے میں نہیں آیا۔
اطلاعات کے مطابق ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے شہریوں سے لوٹ مار کی بھی اطلاعات موصول ہوئی اور متعدد گاڑیوں کی چابیاں مشتعل مظاہرین نکال کر لے گئے۔
پولیس کے مطابق احتجاج کرنے والے 4 افراد کو حراست میں لے کر کلری تھانہ منتقل کیا گیا ہے جبکہ ماڑی پور روڈ پر احتجاج کے دوران لاٹھی چارج کا ڈنڈا لگنے سے 60 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی،خاتون کی میراں بی بی زوجہ عبدالکریم کے نام سے شناخت ہوئی ہے،خاتون ڈنڈے لگنے سے زخمی ہوئی تھی جسے فوری طور پر قریب ہی واقع لیاری جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم پولیس کے مطابق علاج کے دوران خاتون چل بسی۔
ملک کو کراچی کی بندرگاہ سے ملانے والے اہم شاہراہ پر ٹریفک بند ہونے کی وجہ سے نادرن بائی پاس حب ریور روڈ شیر شاہ اور دیگر مقامات پر گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی گئی ہیں۔
مائی کلاچی بائی پاس اور مولوی تمیز الدین خان روڈ پر بھی ٹریفک جام ہے۔
کراچی بندرگاہ سے بھی گزشتہ شام سے سامان کی ترسیل نہیں ہوسکی ہے، ملک کے مختلف علاقوں سے شپمنٹ کے لیے بندرگاہ بھیجا گیا سامان بھی تاخیر کا شکار ہے۔