ہر گھنٹے بعد طوفان کی رفتار اور رُخ تبدیل ہو رہا ہے، شیری رحمان

ہر گھنٹے بعد طوفان کی رفتار اور رُخ تبدیل ہو رہا ہے، شیری رحمان
کیپشن: ہر گھنٹے بعد طوفان کی رفتار اور رُخ تبدیل ہو رہا ہے، شیری رحمان

ایک نیوز: وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہر گھنٹے بعد طوفان کی رفتار اور رُخ تبدیل ہو رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا کہ بائپرجوائے سمندری طوفان کی رفتار 6 سے 8 کلومیٹر کم ہوئی ہے لیکن اس کی شدت میں کمی نہیں آئی ہے۔طوفان کراچی سے مڑ چکا ہے لیکن اس کے اثرات ان علاقوں کو متاثر کریں گے، طوفان کا رخ شمال مشرق کی جانب ہے۔سمندر میں طغیانی کی وارننگ دی گئی ہے۔ کیٹی بندر، ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں طوفان کا اثر زیادہ ہوگا،طوفان کی رفتار کم ہوئی ہے لیکن رات کے کسی پہر ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ پنجاب اور سکھر سے پاور ڈویژن نے ٹیکنیکل ٹیمیں بلائی ہیں، کمیونی کیشن میں مسائل سے متعلق وزیر آئی ٹی امین الحق بھی متحرک ہیں۔فلائٹس سے متعلق لوگوں کے کافی سوالات ہیں، اگر ہوا کی رفتار زیادہ ہوگی تو فلائٹس کا عمل روک دیں گے، چھوٹے ائیر کرافٹ کو ابھی بھی اڑنے کی اجازت نہیں ہے۔تمام ایئر پورٹس کو ہدایات دی ہیں کہ کوئی خطرہ مول نہ لیں، 10 سال میں پہلا ایسا سائیکلون پاکستان کی جانب آیا ہے۔تھرپارکر میں بھی سمندری طوفان کے اثرات ہو سکتے ہیں۔ ٹھٹھہ، سجاول اور میرپورخاص میں بارشیں ہو سکتی ہیں۔