لاہور میں بھی لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام سڑکوں پرنکل آئے

لاہور میں بھی لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام سڑکوں پرنکل آئے
ایک نیوز نیوز: شدید گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری، شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، گرمی اور بجلی کی طویل بندش کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے، اعلانیہ اور غیر اعلانیہ کے بعد لوڈشیڈنگ کا عذاب بھی عروج پر ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیسکو کی بجلی کی طلب 5850 میگاواٹ سے تجاوز کرگئی، گزشتہ روز این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 4900 میگاواٹ بجلی فراہم کی گئی،لیسکو کا بجلی کا شارٹ فال 950 میگاواٹ سے تجاوز کرگیا تھا۔
سسٹم پر لوڈ بڑھا تو لیسکو انتظامیہ کے دعووں کا بھی پول کھل گیا، شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بار بار ٹرپنگ نے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کردیا، بجلی کی آنکھ مچولی سے کاروبار بھی بری طرح متاثر ہو گئے۔
لیسکو ذرائع کے مطابق لیسکو کے سسٹم کو موسم سرما میں صحیح معنوں میں آپ گریڈ نہیں کیا گیا، سسٹم پر لوڈ بڑھتے ہی اس کی خامیاں بھی سامنے آگئیں۔
دوسری جانب پشاور میں بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا، صوبے بھر میں 880 میگا واٹ فورس لوڈشیڈنگ جاری ہے گلبہار، نشترآباد، سیٹھی ٹاؤن، پہاڑی پورہ میں 10 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔
پیسکو ترجمان کے مطابق شدید گرمی سے کئی فیڈر اوور لوڈنگ سے باربار ٹرپ ہو رہے ہیں، پیسکو کو ایک ہزار 590 میگا واٹ کوٹہ مل رہا ہے، صوبے بھر میں 880 میگا واٹ فورس لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔