ملک میں کل سے مون سون بارشوں کا آغاز، الرٹ جاری

ملک میں کل سے مون سون بارشوں کا آغاز، الرٹ جاری
اسلام آباد: ملک میں کل 30جون سے مون سون بارشوں کا آغاز ہو رہا ہے، آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ برسات ہوگی، محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا۔

لوڈ شیڈنگ اور گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے خوشخبری آگئی، ملک کے بیشترعلاقوں میں کل سے مون سون بارشوں کی انٹری ہوگی، صرف بالائی علاقوں میں نہیں بلکہ کراچی میں بھی بادل جم کربرسیں گے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں30 جون سے مون سون کا سلسلہ شروع ہورہا ہے ،کل سے 5 جولائی تک ملک کے بیشتر علاقوں میں برسات متوقع ہے،بالائی علاقوں میں آندھی، تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 2 سے 4 جولائی تک اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش متوقع ہے جبکہ 3 سے 5 جولائی تک کراچی اورحیدرآباد میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا، برسات سے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے جبکہ کشمیر،گلیات اورمری میں لینڈ سلائیڈنگ ہونے کا اندیشہ ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے بھی وفاقی، صوبائی حکومتوں اور ماتحت متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے ۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں کیلئے ڈی واٹرنگ پمپس کی پیشگی موجودگی یقینی بنائی جائے ،سیاح غیرضروری نقل وحرکت سے گریز کریں ۔