بائپرجوائےکا بھارتی گجرات میں لینڈ فال،طوفان آج کمزورہوکر ڈپریشن میں تبدیل ہوگا

بائپرجوائےکا بھارتی گجرات میں لینڈ فال،طوفان آج کمزورہوکر ڈپریشن میں تبدیل ہوگا
کیپشن: بائپرجوائےکا بھارتی گجرات میں لینڈ فال،طوفان آج کمزورہوکر ڈپریشن میں تبدیل ہوجائیگا

ایک نیوز: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہےکہ   سمندری طوفان کراچی سے 225،  ٹھٹہ سے 165  اور کیٹی بندر سے 125کلو میٹر دور ہے تاہم آج شام طوفان کی شدت کم ہوکر ڈپریشن میں تبدیل ہوجائے گی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بائپرجوائے نے بھارتی گجرات کے ساحلی علاقے جاکھاو پورٹ اور اطراف میں لینڈفال مکمل کرلیا ہے، اب شام میں طوفان کی شدت کم ہو کریہ ڈپریشن میں تبدیل ہوجائے گا۔

این ڈی ایم اے کا بتانا ہےکہ  سمندری طوفان کراچی سے 225، ٹھٹہ سے 165 کلومیٹر دور ہے اورکیٹی بندر سے 125کلو میٹر دور ہے، طوفان کے باعث شمال مشرقی بحیرہ عرب میں لہریں 10 سے 15 فٹ تک بلند ہو سکتی ہیں جب کہ کیٹی بندر اور اطراف لہریں 6 سے 8 فٹ تک بلند ہوسکتی ہیں۔

این ڈی ایم اے  کے مطابق 17 جون تک ٹھٹہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص اور عمرکوٹ میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، شہید بے نظیر آباد اور سانگھڑ میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہےکہ اس دوران ہوائیں 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں جب کہ سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں طغیانی رہ سکتی ہے، یہاں ساحلی علاقوں میں 2 سے 2.5 میٹرتک لہریں بلند ہوسکتی ہیں۔