مریم نواز کے داماد کوریلیف دینے سے متعلق وزیراعظم کی مبینہ آڈیو

ایک نیوز نیوز: وزیراعظم شہباز شریف سے منسوب کردہ ایک آڈیو لیک منظر عام پر آئی ہے جس میں ایک سرکاری افسر مبینہ طور پر شہباز شریف سے ان کی بھتیجی مریم نواز شریف کی سفارشوں کے حوالے سے گفتگو کرتے سنائی دے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سرکاری افسر شہباز شریف کو مریم نوازشریف کی جانب سے اپنے داماد راحیل کیلئے بھارت سے پاور پلانٹ امپورٹ کرنے سے متعلق سفارش کے حوالے سے آگاہ کررہا ہے۔

سرکاری افسر شہباز شریف سے کہتے ہیں کہ یہ کام بہت مشکل ہے، پہلے یہ ای سی سی میں جائے گا پھر کابینہ میں آئے گا ، اس پر شدید ردعمل آنے کی توقع ہے، یہ ہمارے گلے پڑجائےگا۔

شہباز شریف نے افسر سے کہا کہ آپ طریقے سے پہلے انہیں آگاہ کردیں پھر میں انہیں سمجھادوں گا، سرکاری افسر کہتا ہے کہ مریم نواز شریف نے 2 کام میرے ذمہ لگائے تھے، ایک تو کسی سوسائٹی میں گرڈ اسٹیشن کیلئے کہا تھا وہ تو ہم کررہے ہیں، شہباز شریف نے کہا کہ وہ تو نیشنل وےمیں ہوجائے گا اسے کروادیں، انڈیا سے مشنری لانا یہ مشکل کام ہے، چپکے سے بھی نہیں کرسکتے ، ای سی سی میں ڈسکس ہوگا تو مسئلہ بنے گا۔

سرکاری افسر نے صحافی عامر الیاس رانا اور ایک اور صحافی کا نام لے کر کہاکہ یہ لوگ سمجھتےہیں کہ مقبول باقر کی تعیناتی میں آپ وہی غلطی کررہے ہیں جو جسٹس جاوید اقبال کے وقت کی گئی تھی،لہذا اس پر آپ کو پوری تسلی کرلینی چاہیے.