وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس میں 5700 بھرتیوں کی منظوری دے دی

لاہور (پی این این نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت نوتعمیر شدہ پولیس انوسٹی گیشن کمپلیکس کی عمارت میں خصوصی اجلاس، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس میں 5700 بھرتیوں کی منظوری دے دی، گونگے بہرے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کیلئے قانون سازی کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ 101 تھانوں کو اراضی کی منتقلی کا عمل تیز کیا جائے، پولیس افسران اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائیں، پنجاب میں پولیس کا اچھا نظام لانا چاہتے ہیں، پولیس عوام کو بہترین سروس دے، تمام وسائل مہیا کریں گے، پنجاب میں ہر پولیس افسر کو میرٹ پر کام کرنے کی آزادی میسر ہے، ٹریفک اور ہائی وے پولیس کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے، صوبہ بھر میں انوسٹی گیشن کے عمل کو مرکزی انوسٹی گیشن سینٹر سے مانیٹر کریں گے، پراسیکیوشن اور انوسٹی گیشن کے درمیان اشتراک کار کو بہتر بنایا جائے.

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے معیاری انوسٹی گیشن بہت ضروری ہے، پہلی مرتبہ انوسٹی گیشن کیلئے ضرورت کے مطابق فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ عوام کی مشکلات اور پولیس میں رشوت کا خاتمہ ہو، ہم نے وسائل دیئے، پولیس اب کام کرکے دکھائے، نئی گاڑیاں سکواڈ اور سکیورٹی کی بجائے پولیس سٹیشنز کو دی جائیں گی، 150 نئی گاڑیاں ضروریات کے مطابق تھانوں تک پہنچ چکی ہیں.

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی، میانوالی اور ڈیرہ غازی خان سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں ماڈل پولیسنگ سسٹم لایا جائے گا، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر پولیس کو جس قدر وسائل اور مراعات دی جا رہی ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، عوام پی ٹی آئی سے تبدیلی کے خواہاں ہیں، عوام میں پولیس کے امیج کو بہتر بنایا جائے گا، آئی جی پولیس انعام غنی نے کہا کہ 2 سال کے قلیل عرصے میں پولیس کیلئے جو کیا گیا ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں