حفیظ شیخ فارغ، حماد اظہر کو وزارت خزانہ کا قلمدان سونپنے کا فیصلہ

حفیظ شیخ فارغ، حماد اظہر کو وزارت خزانہ کا قلمدان سونپنے کا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی جگہ وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر کو وزارت خزانہ کا قلمدان دے دیا گیا ہے۔

نجی چینل سے بات کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ 'حماد اظہر کو وزیر خزانہ کا اضافی چارج دیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی سیاست کا محور غریب لوگ ہیں اور جتنی مہنگائی ہوگئی تھی اسے دیکھ کر وزیر اعظم نے نئی ٹیم لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'وزیر اعظم نے نئی معاشی ٹیم تشکیل دی ہے جس کی قیادت اب حماد اظہر کریں گے، عبدالحفیظ شیخ وزیر خزانہ نہیں رہے جبکہ ان کے مستقبل کے بارے میں علم نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ' وفاقی کابینہ میں ردو بدل کو کل تک حتمی شکل دے دی جائے گی ۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہشبلی فراز کو وزارت پٹرولیم کا عہدہ دیا جا سکتا ہے ۔

واضح رہے کہ عبدالحفیظ شیخ حال ہی سینیٹ الیکشن بھی ہار گئے تھے، اکثریت ہونے کے باوجود پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے امیدوار یوسف رضا گیلانی جیت گئے تھے جس کے بعد عبدالحفیظ شیخ کی جانب سے عہدہ چھوڑنے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں ،تاہم عمران خان کی جانب سے انکو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔