حکومت کا پٹرول ڈیڑھ روپے، ڈیزل تین روپے فی لٹر سستا کرنے کا اعلان

حکومت کا پٹرول ڈیڑھ روپے، ڈیزل تین روپے فی لٹر سستا کرنے کا اعلان
اسلام آباد: حکومت نے یکم اپریل سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ، پٹرول ڈیڑھ روپے، اور، ڈیزل تین روپے فی لٹر سستا کر دیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ، نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول 1 روپے 55 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے۔ جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی جبکہ مٹی کا تیل ایک روپے 55 پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا۔اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 1روپیہ 56 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 110روپے 35 پیسے فی لیٹر، ڈیزل کی نئی قیمت 113 روپے 8 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 79روپے 86ہیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 82 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ حماد اظہر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے کمی کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری کرنسی اپنے زور پر کھڑی ہے، اس میں ڈالر نہیں جھونک رہے۔

حماد اظہر نے بتایا کہ بھارت سے چینی کی تجارت کھولنےکا فیصلہ کیا ہے ، جبکہ جون کے آخر تک بھارت سے کاٹن کی درآمد بھی کھولیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں براہ راست ووٹ لے کر آیا ہوں اور واپس عوام میں جاؤں گا، ارکان پارلیمنٹ سے براہ راست رابطے میں رہوں گا، تمام پالیسیاں عوامی مفاد میں بنائی جائیں گی۔