ملک میں مکمل لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے: وزیر اعظم

ملک میں مکمل لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے: وزیر اعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں مکمل لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے، مکمل لاک ڈاؤن سے دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہوگا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا وائرس کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک میں کورونا اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ویڈیو لنک اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے وزرائےاعلیٰ سے آن لائن بات چیت کی اور انہیں ایس اوپیز پر سختی سےعملدرآمد کرانے کی ہدایت کی۔ عمران خان نے ایس او پیز پر ہر صورت عملدر آمد کرنے کی ہدایت کردی۔اجلاس میں ماسک کے استعمال کے لیے ملک گیر مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر بہت خطرناک ہے، وقت ایک بار پھر قوم سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بہتر حکمت عملی سے پہلی لہر کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایس او پیز میں غفلت نہ برتی جائے۔ عمران خان نے کہا کہ سندھ حکومت نے دو ہفتوں کے لاک ڈاؤن کی تجویز دی، ہم مکمل لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

اجلاس میں کورونا ویکسی نیشن کےعمل اور خریداری پر بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔انہوں نے کہا کہ انتظامی مشینری ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے متحرک ہو جائے، ویکسی نیشن کےعمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔