کورونا کی تیسری لہر میں ریکارڈ 118 اموات، 4318 نئے کیسز رپورٹ

کورونا کی تیسری لہر میں ریکارڈ 118 اموات، 4318 نئے کیسز رپورٹ
لاہور: ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران ریکارڈ 118 اموات سامنے آگئیں ، جبکہ 24 گھنٹوں میں 4ہزار318نئےکیسز بھی رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں سب سے زیادہ 74 زندگیاں خاموش ہوئی ، اور 2 ہزار 515 نئے کیس بھی سامنے آئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 15 ہزار 619 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 29 ہزار 920 ہو گئی ہے۔ ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 76 ہزار 34ہے اور 6 لاکھ 38 ہزار 267 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں7 ہزار 62افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 530، خیبر پختونخوا 2 ہزار683، اسلام آباد 617، گلگت بلتستان 103، بلوچستان میں 217 اور آزاد کشمیر میں 407 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 66 ہزار983، خیبر پختونخوا1 لاکھ 275، پنجاب 2 لاکھ 52 ہزار974، سندھ 2 لاکھ 69 ہزار474، بلوچستان 20 ہزار397، آزاد کشمیر 14 ہزار687 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 130 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے پاکستان کے 26 اضلاع ہائی رسک قرار دیئے گئے ہیں۔لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، بہاولپور، منڈی بہاؤالدین، ملتان، اوکاڑہ، رحیم یار خان، راولپنڈی، گجرات، شیخوپورہ، سرگودھا، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ متاثر، مظفر آباد، میر پور، کوٹلی، پشاور، سوات، نوشہرہ ، دیر لوئر، مالاکنڈ، صوابی، چارسدہ اور ہری پور ہائی رسک اضلاع میں شامل ہیں۔