کورونا سے ریکارڈ 135 اموات، 4ہزار681نئےکیسز رپورٹ

کورونا سے ریکارڈ 135 اموات، 4ہزار681نئےکیسز رپورٹ
اسلام آباد: کورونا کی تیسری لہر نے ایک دن میں135 افراد کی جان لے لی ، جبکہ 24 گھنٹوں میں4ہزار681نئےکیسز بھی سامنےآئے ہیں۔پنجاب میں 79 افراد وائرس سے جاں بحق اور2 ہزار 775 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی )کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار 092 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 10,878,08 ہوگئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 76 ہزار 757 ہے۔ جب کہ 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 681 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 734,423 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 69 ہزار 840 ، پنجاب میں 2 لاکھ 55 ہزار 571، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ ایک ہزار 045، اسلام آباد میں 67 ہزار 491، بلوچستان میں 20 ہزار 499، آزاد کشمیر میں 14 ہزار 837 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 140 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 135 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 15 ہزار 754 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ برس 17 جون 2020 کو ایک دن میں 136 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے پاکستان کے 26 اضلاع ہائی رسک قرار دیئے گئے ہیں۔لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، بہاولپور، منڈی بہاؤالدین، ملتان، اوکاڑہ، رحیم یار خان، راولپنڈی، گجرات، شیخوپورہ، سرگودھا، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ متاثر، مظفر آباد، میر پور، کوٹلی، پشاور، سوات، نوشہرہ ، دیر لوئر، مالاکنڈ، صوابی، چارسدہ اور ہری پور ہائی رسک اضلاع میں شامل ہیں۔