ٹی ایل پی کو ختم کرنے کیلئے کل سپریم کورٹ جا رہے ہیں: شیخ رشید

ٹی ایل پی کو ختم کرنے کیلئے کل سپریم کورٹ جا رہے ہیں: شیخ رشید
اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کےنوٹیفکیشن کے لیے ضروری کارروائی جاری ہے، نوٹیفکیشن جلد جاری ہوجائے گا۔ ٹی ایل پی کو ختم کرنے کے لیے کل سپریم کورٹ سے بھی رجوع کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پوری کوشش کی کہ معاملات بات چیت سے حل ہوں جائیں لیکن ٹی ایل پی کے ارادے بہت خوفناک تھے۔ ٹی ایل پی والے بہت تیاری کے ساتھ آئے تھے۔ تحریک لبیک پاکستان اسلام آباد آنے پر بضد تھی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ احتجاج کے دوران 580 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ احتجاج کے د وران 30 سے زائد گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے گھر جاؤں گا۔شیخ رشید نے کہا کہ فرانس کے سفیر کو نکالنے سے حالات پیچیدہ ہوجاتے۔ ہمیں یورپی یونین کے ساتھ تمام معاملات کو دیکھنا پڑتا ہے۔ فرانس کے تمام شہری پاکستان میں محفوظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہورمیں یتیم خانہ چوک کےعلاوہ پورا پاکستان کھلا ہے۔ جو قانون کو ہاتھ میں لے گا ،قانون اسے ہاتھ میں لے گا۔

نورالحق قادری نے کہا کہ اسمبلی میں قرارداد لانے سے ہم پیچھے نہیں ہٹے تھے، ہم نے اس حوالے سے ٹی ایل پی والوں سے بات چیت بھی کی تھی۔ ٹی ایل پی سے مذاکرات کے دوران پتہ چلا کے 20 اپریل کو دھرنے کی تیاری جاری ہے۔ ہم ایسا ڈرافٹ تشکیل دے رہے تھے سفارتی معاملات خراب نہ ہوں۔نورالحق قادری نے کہا کہ حکومتوں کا کام منت کرنا نہیں ہوتا لیکن پھر بھی ہم نے ان کو منانے کی کافی کوشش کی۔ ریاست کاکام منت سماجت کرنا نہیں ہوتا۔ ٹی ایل پی کو قومی دھارےمیں لانے کی کوشش کررہے تھے۔ ٹی ایل پی اپنی بات منوانے پر بضد تھی۔نورالحق قادری نے کہا کہ ٹی ایل پی کو قائل کرنے کی ہرممکن کوشش کی۔ گرفتاری بڑی بات نہیں تھی کیونکہ دیگر سیاسی اور مذہبی لیڈر بھی گرفتار ہوتے ہیں۔