حکومت اور ٹی ایل پی کے مابین مذاکرات کامیاب

حکومت اور ٹی ایل پی کے مابین مذاکرات کامیاب
اسلام آباد : حکومت اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی ) کے مابین مذاکرات کامیاب ہوگئے ، وزیر داخلہ شیخ رشید نے مذکرات کی کامیابی کا اعلان کیا ۔ آج ہی قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کریں گے اور ٹی ایل پی دھرنا ختم کرے گی ۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویو پیغام جاری کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد یہ بات طے پا گئی ہے کہ ہم آج قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیرکی ملک بدری کی قرارداد پیش کریں گے ۔جبکہ تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے مسجد رحمت اللعامین ﷺ سمیت سارےملک سےدھرنےختم کیےجائیں گےاوربات چیت، مذاکرات کے ذریعے معاملے کو آگے بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے خلاف مقدمات درج ہیں سمیت فورتھ شیڈول، ان کا بھی اخراج کیا جائے گا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس پر تفصیلی بیان آج پریس کانفرنس کے ذریعے دوں گا۔



واضح رہے کہ یہ اعلان وزیر مذہبی امور اور وزیر داخلہ شیخ رشید پر مشتمل حکومتی ٹیم کے ٹی ایل پی رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات کے تیسرے دورکے بعد کیا گیا ہے۔ قبل ازیں مذاکرات کے دوسرے دور میں گورنر پنجاب چوہدری سرور اور صوبائی وزیر قانون راجا بشارت نے حکومت کی نمائندگی کی تھی۔جبکہ وفاقی وزیر داخلہ نے گزشتہ روز ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ مذاکرات شروع کر دیے گئے ہیں، جن پولیس اہل کاروں کو ترغمال بنایا گیا تھا انھیں چھوڑ دیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی پہلی میٹنگ کامیاب ہوئی ہے، دوسرے راؤنڈ میں باقی معاملات بھی طے پا جائیں گے، اللہ سے امید ہے ٹی ایل پی سے معاملات خوش اسلوبی سے طے پا جائیں گے۔