مریم نواز نے کورونا کے باعث دورہ کراچی منسوخ کر دیا

مریم نواز نے کورونا کے باعث دورہ کراچی منسوخ کر دیا
لاہور: کورونا کی سنگین صورتحال کے پیش نظر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے دورہ کراچی منسوخ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ کیلئے کراچی جانے کا ارادہ ترک کیا، سیاسی فائدے کیلئے یہ مناست نہیں تھا۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ کراچی کیلئے بہت پر جوش تھی، این اے 249 کے عوام کی صحت اور زندگیاں زیادہ عزیز ہیں، مسلم لیگ ن چاہتی ہے کراچی کی تقدیر بدلے، مفتاح اسماعیل سے مسلسل رابطے میں ہوں، حلقے کے مسائل کا علم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر قائد کے مسائل کا حل صرف نون لیگ کے پاس ہے، یقین ہے این اے 249 میں مفتاح اسماعیل کے حق میں فیصلہ آئے گا۔مسلم لیگ ن نے کراچی میں امن و امان بحال کیا، دھاندلی کر کے شہباز شریف کو ہرایا گیا، دھاندلی سے مسلط کردہ لوگوں کی کارکردگی آپ نے دیکھ لی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل پر بات کرنی ہے، کسی پر کیچڑ نہیں اچھالنا، پی ڈی ایم بھرپور طریقے سے کھڑی ہے، اجلاس جاری ہیں، پی ڈی ایم کی تحریک بہت کامیاب تھی، پی ڈی ایم جلسوں کے بعد حکومت سنبھل نہیں سکی، عوام نے باہر نکل کر پی ڈی ایم کی حمایت کی، حکومت کانپتی رہی۔مریم نواز نے مزید کہا کہ ش سے ن نکل سکتی ہے نہ ایسا ہوسکتا ہے، شہباز شریف، حمزہ کی اسیری ثبوت ہے کہ وہ نواز شریف کیساتھ کھڑے ہیں، شہباز شریف تھوڑی سی آمادگی ظاہر کرتے تو آج وزیراعظم ہوتے۔ انہوں نے پوری کوشش کی نواز شریف کو کھینچ کر واپس لائیں، لندن کا قانون بکتا نہیں۔