40 سال سے اوپر افراد کی ویکسین کیلئے رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان

40 سال سے اوپر افراد کی ویکسین کیلئے رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان
اسلام آباد:حکومت نے ملک بھر میں کل سے 40 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسین کیلئے رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں کیا گیا ۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ 40 سال یا اس سے اوپر کے ہیں تو رجسٹریشن کرالیں، 50 سال سے اوپر کے افراد کی واک ان ویکسین کل سے شروع ہوگی۔



دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 70 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 17 ہزار 187 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 452 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 825 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 90 ہزار 788، سندھ میں 2 لاکھ 78 ہزار 545، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 14 ہزار 77، بلوچستان میں 21 ہزار 743، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 258، اسلام آباد میں 73 ہزار 450 جبکہ آزاد کشمیر میں 16 ہزار 591 کیسز رپورٹ ہوئے۔