بجلی کی قیمت میں63 سے 68 پیسے فی یونٹ کمی کا امکان

بجلی کی قیمت میں63 سے 68 پیسے فی یونٹ کمی کا امکان
لاہور: بجلی کی قیمت میں مارچ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمی کیلئے نیپرامیں سماعت مکمل ہوگئی جس ے بعد بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 63 سے 68 پیسے کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

نیپرا کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمت میں 61 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی، تاہم اتھارٹی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو سننے کے بعد 63 پیسے سے لے کر 68 پیسے فی یونٹ کمی کا عندیہ دے دیا ہے، اور اتھارٹی تمام ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ مارچ میں پانی سے 19.42 فیصد بجلی پیدا کی گئی، مارچ میں کوئلے سے 30.50 فیصد، فرنس آئل سے 2.62 فیصد، مقامی گیس سے 11.56 فیصد، درآمدی ایل این جی سے 21.11 فیصد، ایٹمی ذرائع سے 10.49 فیصد بجلی پیدا کی گئی، ایٹمی ذرائع سے پیدا بجلی کی قیمت 1روپیہ 2 پیسے فی یونٹ رہی۔