پنجاب حکومت نے عید سے قبل مکمل لاک ڈاؤن کی تیاری کر لی

پنجاب حکومت نے عید سے قبل مکمل لاک ڈاؤن کی تیاری کر لی
لاہور : پنجاب حکومت نے شہریوں کو گھروں میں بند کرنے کی تیاری کر لی، بیس فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے کرلیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی موجودہ وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں اٹھارہ نکاتی ایجنڈے پر بھی غور کیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مکمل لاک ڈاؤن لگانے کے حوالے سے کابینہ اراکین سے مشاورت کی، کابینہ اجلاس میں لاہور میں مکمل لاک ڈاؤن اور 20 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا تاہم مکمل لاک ڈاؤن کی اجازت سی این سی سے لی جائے گی۔

واضح رہے کورنا وائرس کے حملوں میں شدت آگئی ، لاہور میں مہلک وائرس نے مزید 34 لاہوریوں کی زندگی کے چراغ گل کر دیئے، 1331نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی، مثبت کیسز کی شرح 24 فیصد تک پہنچ گئی۔ ایک ہفتے کے دوران 10برس سے کم عمر کے 173 بچے بھی وائرس سے متاثرہوئے۔

سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 1261 مریض داخل ہیں، جن میں کورونا کے 812 کنفرم اور 438 مشتبہ مریض شامل ہیں۔ کورونا میں مبتلا 273 مریضوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر زیر علاج رکھا گیا۔ سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ بڑھنے لگا، 90فیصد وینٹی لیٹر بھرگئے،سروسزہسپتال، کوٹ خواجہ سعید اور نواز شریف ٹیچنگ ہسپتال میں گنجائش ختم ہوگئی۔