ملک میں کورونا سے مزید 146اموات ، 4696 کیسز رپورٹ

ملک میں کورونا سے مزید 146اموات ، 4696 کیسز رپورٹ
اسلام آباد: کورونا سے ملک بھر میں اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ 24 گھنٹوں میں 146افراد کورونا سے جاں بحق جاں بحق جبکہ 4696 وائرس میں مبتلا ہوئے ،  پنجاب میں مزید 90 افراد لقمہ اجل بنے ، جبکہ مزید 2068 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 17 ہزار 957 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 25 ہزار 519 ہو گئی ہے۔ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 90 ہزار 553 ہے اور 7 لاکھ 17 ہزار 9 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 8 ہزار 500 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 2068 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے متاثرین کی تعداد پنجاب میں بڑھ کر 303,182 ہو گئی۔جبکہ پنجاب میں سب سے زیادہ کیسز لاہورمیں 891 رپورٹ ہوئے، ننکانہ 1، قصور 11، شیخوپورہ 25، راولپنڈی 161، جہلم 2، چکوال 3، مظفرگڑھ 4، حافظ آباد 6 اور گوجرانوالہ 40 میں کیسز رپورٹ ہوئے ۔

ملک کے دیگر صوبوں سندھ میں 4 ہزار 645، خیبر پختونخوا 3 ہزار 310، اسلام آباد 683، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 236 اور آزاد کشمیر میں 476 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔