پاکستان کی زمبابوے کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز سے فتح

پاکستان کی زمبابوے کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز سے فتح
ہرارے: پاکستان نے زمبابوے کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 116 رنز سے شکست دے دی۔ پہلی اننگز میں قومی ٹیم نے 426 رنز بنائے اور 250 رنز کی برتری حاصل کی ۔

ہرارے میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں زمبابوے کی ٹیم صرف 134 رنز ہی بناسکی اور یوں ایک اننگز اور 175 رنز سے جیت پاکستان کے حصے میں آئی۔دوسری اننگز میں زمبابوے کی جانب سے تریسائی مساکنڈا 43، کیون کاسوزا 28، کپتان برنڈن ٹیلر 29 اور وکٹ کیپر بلے باز ریجس چاکبوا 14 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ زمبابوے کی دیگر کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ نعمان علی نے 2، فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔



اس سے قبل ٹیسٹ کے پہلے روز زمبابوے کے بلے باز پاکستانی بولرز کے آگے بے بس دکھائی دیے اور پوری ٹیم 176 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور حسن علی نے 4،4 جب کہ نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسرے دن قومی ٹیم کھیل پر حاوی رہی، اوپننگ بلے باز عابد علی 60، عمران بٹ نے 91 اور اظہر علی نے 36 رنز بنائے جب کہ فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت قومی ٹیم نے دوسرے دن کے اختتام پر 6 وکٹ کے نقصان پر 374 رنز بنائے اور مہمان ٹیم پر 198 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
تیسرے دن کھیل شروع ہوا تو قومی ٹیم نے اسکور میں 52 رنز کا اضافہ کیا اور تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، فواد عالم نے 140 رنز کی اننگز کھیلی جس کے باعث قومی ٹیم پہلی اننگز میں زمبابوے کے خلاف 250 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔