پنجاب میں کورونا کی تباہ کاریاں جاری، مزید 111زندگیاں خاموش

پنجاب میں کورونا کی تباہ کاریاں جاری، مزید 111زندگیاں خاموش
اسلام آباد: ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کا سلسلہ نہ تھم سکا ، 24 گھنٹوں میں 161ہلاکتیں ہوئی ، جبکہ 3377 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، پنجاب میں مزید 111افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار310 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 37 ہزار523 ہو گئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے میں 37ہزار 587 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جبکہ 3377 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.98 فیصد رہی۔ ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 86 ہزار 151 ہے اور 7 لاکھ 33 ہزار 62 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موذی وائرس نے مزید111فراد کو موت کی نیند سلا دیا۔جس کے بعد پنجاب میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد8683ہوگئی ہے۔ پنجاب میں کورونا کے نئے کیسز کی بات کی جائے تو پچھلے 24گھنٹوں  میں1600نئے مریض سامنے آئے ہیں ۔جبکہ صوبہ بھر  میں اب تک رپورٹ ہونے والے کورونا کیسز کی کل تعداد 3لاکھ 8ہزار529 تک جا پہنچی ہے۔۔

ملک کے دیگر حصوں یعنی سندھ میں 4 ہزار 678، خیبر پختونخوا 3 ہزار 423، اسلام آباد 693، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 239 اور آزاد کشمیر میں 487 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ جبکہ اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 76 ہزار 492، خیبر پختونخوا ایک لاکھ 20 ہزار 590، پنجاب 3 لاکھ 8 ہزار 529، سندھ 2 لاکھ 86 ہزار 521، بلوچستان 22 ہزار 664، آزاد کشمیر 17 ہزار 379 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 330 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔