بغیر ماسک ڈرائیونگ پر 2 لاکھ 29ہزار 276گاڑیوں کے چالان

بغیر ماسک ڈرائیونگ پر 2 لاکھ 29ہزار 276گاڑیوں کے چالان
لاہور : ٹریفک پولیس نے بغیر ماسک ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 2 لاکھ 29ہزار 276گاڑیوں کے چالان کر لیے ، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پینسٹھ مقدمات بھی درج کیے گئے۔

ٹریفک پولیس حکا م کے مطابق 01 لاکھ 59 ہزار 579 موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے، جبکہ 14 ہزار 820 کاروں اور حکومتی گائیڈ لائنز کی پاسداری نہ کرتے پچاس فیصد سے زائد سواریاں بٹھانے پر 15 ہزار پبلک ٹرانسپورٹ کو چالان ٹکٹ جاری ہیں اس کے علاوہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 1620 پبلک سروس وہیکلز بند کر دی گئی ہیں۔

سی ٹی او لاہور سید حماد عابدنے تمام ڈی ایس پیز کو اپنی نگرانی کروانے کی ہدایت کر دی ۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے جائیں، ماسک نہ پہننے والے موٹرسائیکل اور کار سواروں کے چالانوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ چالان کا مقصد شہریوں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، کار میں بغیر ماسک ایک فرد کا چالان نہیں کیا جائے گا ۔ دو یا دو سے زائد افراد کےلئے ماسک ضروری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موٹرسائیکل پر سنگل سوار ہونے کی صورت میں چالان نہیں کیا جائے گا ۔ شہریوں کو کورونا وباء سے محفوظ رکھنے کےلیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔