پی پی 84 خوشاب ، پولنگ کے بعد نتائج آنا شروع

پی پی 84 خوشاب ، پولنگ کے بعد نتائج آنا شروع
خوشاب : پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 خوشاب میں جاری ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ مکمل ہوگئی ، اور غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کاسلسلہ شروع ہو گیا ، جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک معظم کلو آگے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حلقہ پی پی 84 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ لوگوں نے روزے کی حالت میں بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمنٹے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پی پی 84 میں ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 687 ہے جن میں مرد ووٹرز 1 لاکھ 55 ہزار 104 جبکہ خواتین ووٹرز 1 لاکھ 37 ہزار 583 ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق امن و امان قائم رکھنے کیلئے 540 رینجرز اور 2 ہزار 800 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔

تاہم اب ضمنی انتخاب کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنا شروع ہوگئے جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک معظم کلو آگے ہیں۔حلقے کے 229 پولنگ اسٹیشنز میں سے 3 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا ہے جس کے مطابق ن لیگ کے ملک معظم کلو 565 ووٹ لے کر آگے ہیں۔ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے علی حسین خان بلوچ 233 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔انتخاب کی مانیٹرنگ کے لیے 10 ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، جو انتخابی نتائج جاری ہونے تک فرائض سر انجام دیتی رہیں گی۔واضح رہے کہ یہ نشست پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی ملک وارث کلو کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔