جاوید لطیف 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

جاوید لطیف 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کو ریاست مخالف بیانات دینے کے کیس میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

ایک نیوز کے مطابق لیگی رہنما جاوید لطیف کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر آج ماڈل ٹاؤن کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ جاوید لطیف کو سخت سیکیورٹی میں بکتر بند گاڑی میں عدالت لایا گیا۔عدالت میں پیشی کے موقع پر ن لیگی کارکنان کی جانب سے اپنے رہنما کا زبردست استقبال کیا گیا۔

عدالت نے جاوید لطیف 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا اور جاوید لطیف کو 26 مئی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالتی حکم کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا۔

پیشی کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری ماڈل ٹاؤن کچہری کے احاطے میں موجود تھی جبکہ کہچری کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔عدالت پیشی کے موقع پر جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ عدالت سے پوچھتا ہوں میرا گناہ کیا ہے؟ پنجاب کے لوگوں کو غدار قرار دیا جا رہا ہے۔ ہمیں بات کرنے پر غدار کہا جاتا ہے ہمیں اپنے گھر کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔