حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کر دیا گیا

حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کر دیا گیا
غزہ : فلسطین میں گزشتہ دو ہفتوں سے جاری اسرائیلی بمباری کے بعد اب اسرائیلی حکومت اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

جنگ بندی پر عمل درآمد کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق آج صبح 4 بجے سے ہوگیا ، اور دونوں جانب سے اب تک کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اسرائیلی کابینہ نے امریکا کی طرف سے شدید دباؤ کے بعد جنگ بندی کا فیصلہ کیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی اور فلسطینی قیادت کی ذمےداری ہے جنگ کے بنیادی اسباب پر غور کے لیے بات چیت کریں۔

دوسری جانب پاکستان نے اسرائیل اور حماس کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان پر خیر مقدم کیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ اجتماعی اقدام کی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ جنگ بندی فلسطین میں امن کی جانب پہلا قدم ہو۔

واضح رہے کہ 11دن میں اسرائیلی حملوں کے دوران 232 فلسطینی شہید اور 1900 سے زائد زخمی ہوئے، شہداء میں 65 بچے اور 39 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ1 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد کے گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ حماس کے حملوں میں 12 اسرائیلی بھی مارے گئے۔