اداکارہ یمی گوتم رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں

لاہور”: معروف بالی ووڈ اداکارہ یمی گوتم رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔یمی گوتم نے نامور بھارتی ہدایت کار، نغمہ نگار اورمصنف ادتیہ دھر سے شادی کی ۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ یمی گوتم نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی شادی کی دلکش تصویر شیئر کی جس میں وہ لال رنگ کے خوبصورت عروسی لباس میں ملبوس ہیں۔

بالی ووڈ اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں رومی کا ایک قول لکھا کہ ’تمہاری روشنی میں، میں نے محبت کرنا سیکھی ہے۔‘اُنہوں نے لکھا کہ ’ہم اپنے اہلخانہ کی دُعاؤں سے آج رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں اور ہماری شادی کی تقریب میں چند دوستوں اور قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔‘

یمی گوتم نے یہ بھی لکھا کہ ’زندگی کے اس نئے سفر کے آغاز میں ہمیں آپ سب کی دُعاؤں اور نیک خواہشات کی ضرورت ہے۔‘ بالی ووڈ اداکارہ کی پوسٹ پر اُن کے مداحوں کی بڑی تعداد اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کررہی ہے اور اس کے ساتھ ہی مداح یمی گوتم کی اچانک شادی پر حیرت میں بھی مبتلا ہیں۔

واضح رہے کہ یمی گوتم کا شمار بھارت کی مشہور اور کامیاب ماڈلز میں ہوتا ہے اور اس کے علاوہ وہ بالی ووڈ کی کئی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دِکھا چکی ہیں۔انہوں نے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر کے ساتھ بالی ووڈ فلم ’ٹوٹل سیاپا‘ میں مرکزی کردار بھی ادا کیا تھا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں