وزیراعظم کا گھوٹکی ٹرین حادثے کی مکمل تحقیقات کا حکم

وزیراعظم کا گھوٹکی ٹرین حادثے کی مکمل تحقیقات کا حکم
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے گھوٹکی ٹرین حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ۔وزیراعظم نے وزیر ریلوے اعظم سواتی کو فوری جائے حادثہ پر پہنچنے کی بھی ہدایت کردی ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ڈہرکی میں ٹرین حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج صبح گھوٹکی میں خوفناک حادثے میں 30 مسافرجاں بحق ہوئے ، وزیراعظم نے زخمیوں کو طبی امداد اور جاں بحق افراد کی فیملیز کی امداد کی ہدایت کرتے ہوئے ریلوے سیفٹی کی خرابیوں کی جامع تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے ۔ وزیراعظم نے وزیر ریلوے اعظم سواتی کو فوری جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔

دوسری جانب صدرمملکت عارف علوی نے بھی ڈہرکی ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا ہے ۔ صدر مملکت نے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی اور جاں بحق افراد کیلئےمغفرت کی دعاکی ۔

خیا ل رہے کہ آج صبح صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کے قریب دو ٹرینوں کے درمیان خوفناک حادثہ پیش آیا ہے۔ ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جبکہ سرسید ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی جارہی تھی۔ حادثے کے بعد ملت ایکسپریس کی 8 اور سرسید ایکسپریس کی انجن سمیت 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جبکہ کچھ بوگیاں کھائی میں جاگریں۔ ٹرینیں ٹکرانے سے کم از کم 30 مسافر جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ پاک فوج اور رینجرز کی امدادی ٹیمیں حادثہ کی جگہ پر متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں ۔