خود کو دیکھتی ہوں تو لگتا ہے کوئی خواجہ سرا کھڑا ہے: ایمان علی

خود کو دیکھتی ہوں تو لگتا ہے کوئی خواجہ سرا کھڑا ہے: ایمان علی
لاہور: معروف پاکستانی اداکارہ و ماڈل ایمان علی نے کہا ہے کہ مجھے اپنا ظاہر بالکل بھی پسند نہیں حالانکہ لوگ مجھے بے حد پسند کرتے ہیں اور خوبصورت کہتے ہیں لیکن خود کو دیکھتی ہوں تو لگتا ہے کوئی خواجہ سرا کھڑا ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ ایمان علی نے کہا کہ میں یہ کافی انٹریوز میں کہہ چکی ہوں کہ مجھے اپنا ظاہر بالکل بھی پسند نہیں حالانکہ لوگ مجھے بے حد پسند کرتے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ آپ بہت خوبصورت ہیں لیکن جب میں خود کو شیشے میں دیکھتی ہوں تو مجھے لگتا ہے لوگ جھوٹ بول رہے ہیں اور صرف یہی نہیں میں جب موبائل میں سیلفیاں لیتی ہوں تو مختلف زاویوں سے لینے کی کوشش کرتی ہوں کہ شاید اچھی آجائے لیکن پھر خود کو دیکھتی ہوں تو لگتا ہے کوئی خواجہ سرا کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ لوگوں میں میری تصاویر نظر نہیں آتی اور نہ ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بہت زیادہ متحرک ہوں کیوں کہ جب میں تصاویر ہی نہیں لیتی تو پھر سوشل میڈیا پر کیا کروں گی اور میں نے دیگر لوگوں کی طرح اپنا کوئی کیمرا مین بھی نہیں رکھا ہوا جو ہر جگہ میری تصاویر بناتا رہے البتہ میں موبائل بہت استعمال کرتی ہوں اور زیادہ تر گیمز کھیلتی ہوں۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے شاپنگ کرنا بھی پسند نہیں ہے اس لیے میرے پاس زیادہ کپڑے بھی نہیں ہوتے اور جو ہوتے ہیں وہ بھی کہیں نہ کہیں سے آجاتے ہیں جب کہ میرا سفید رنگ میرا پسندیدہ ہے اس لیے لوگ مجھے زیادہ تر اس لباس میں دیکھتے ہیں۔