ویکسین نہ لگوانے والوں کا موبائل سم کارڈ بلاک کرنے کا حتمی فیصلہ

ویکسین نہ لگوانے والوں کا موبائل سم کارڈ بلاک کرنے کا حتمی فیصلہ
لاہور: حکومت پنجاب نے کورونا کے تدارک اور ویکسینیشن عمل تیز کرنے کیلئے اہم فیصلے کر لئے۔ ویکسینیشن نہ کروانے والے افراد کا موبائل سم کارڈ بلاک کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا۔

فیصلے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران کئے گئے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ڈی جی پی آر، محکمہ صحت کے سیکرٹریز اور اعلی سول وعسکری قیادت نے شرکت کی۔

کیے گئے کہ فیصلوں میں 12 جون سے پنجاب بھر میں 18 سال عمر سے زائد افراد کی واک اِن ویکسینیشن کا فیصلہ، پنجاب کے اہم مزارات کے باہر موبائل ویکسینیشن کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ، 20 فیصد آبادی کی ویکسینیشن کروانے والے تمام اضلاع میں مکمل کاروبار کھول دئیے جائینگے۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر عوام کی سہولت کی خاطر نوٹیفیکیشن بھی جاری کرے گا۔

اجلاس کے دوران کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے، ویکیسنیشن سنٹرز کی تعداد کو بڑھانے، سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات میں اضافہ و دیگراقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹریز صحت سارہ اسلم اور برسٹر نبیل اعوان نے وزیر صحت اور چیف سیکرٹری کو صوبہ بھر میں کورونا کے تدارک کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں کورونا کے کیسز اور اموات میں واضح کمی پر سیکرٹریز صحت کو سراہا گیا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ صوبہ بھرمیں کورونا کے تشویشناک مریضوں ں کی تعداد میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکی قیادت میں حکومت کورونا کے تدارک کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ پنجاب میں کورونا کے مثبت کیسز میں واضح کمی کا کریڈٹ انتظامیہ کو جاتا ہے۔ پنجاب کے 677 ویکسینیشن سنٹرز کے ذریعے زیادہ سے زیادہ افراد کی ویکسینیشن کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ہفتہ سے 18 سال عمر سے زائد افراد کی واک اِن ویکسینیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اب عوام ویکسینیشن سنٹرز پر بغیر پن کوڈ صرف شناختی کارڈ کے ساتھ آ کر ویکسین لگوا سکیں گے۔

عوام ویکسینیشن سے متعلق کسی قسم کی رائے دینے یا شکایت کرنے کیلئے مفت ہیلپ لائن نمبر 1033 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ تمام اضلاع ویکسینشین کا ہدف جلد مکمل کریں۔ ویکسینیشن کروانے والے افراد کی سینیماء ہالز، ریسٹورنٹس اور شادیوں میں جانے کی اجازت ہو گی۔ کینسر اور ایڈز جیسی مہلک بیماری میں مبتلا افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین لگائی جائیگی۔ چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن سنٹرز پر عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ 20 فیصد آبادی کی ویکسینشین والے اضلاع میں ماسک کی پابندی کے ساتھ کاروبار مکمل کھول دئیے جائینگے۔ پنجاب میں ویکسینشین کے عمل کو بھرپور کامیاب بنایا جائے گا۔