نئے بجٹ میں فون کالز مہنگی ، موبائل سستے کرنے کا اعلان

نئے بجٹ میں فون کالز مہنگی ، موبائل سستے کرنے کا اعلان
لاہور: وفاقی حکومت نے بجٹ 2021-22میں تین منٹ سے زائد جاری رہنے والی موبائل فون کالز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی نافذ کر نے کا اعلان کر دیا ، جبکہ موبائل فونز پر ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کابھی اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر شوکت ترین کی طرف سے قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے بجٹ تقریر میں بتایا گیا کہ پچھلے کچھ عرصے میں ٹیلی مواصلات کے شعبے میں بہت ترقی ہوئی ہے۔ اس شعبے سے جائز حد تک ریونیو حاصل کرنے کے لیے تین منٹ سے زائد جاری رہنے والی موبائل فون کالز، انٹر نیٹ ڈیٹا کے استعمال اور ایس ایم ایس پیغامات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی نافذ کی جا رہی ہے۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی نافذ ہونے سے آبادی کے ایک بڑے حصے پر معمولی ٹیکس نافذ ہو گا۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھاکہ موبائل فونز پر موجودہ ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح ساڑھے 12 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کیا جائے گا۔ وفاقی بجٹ میں اِن تجاویز کے بعد موبائل فون سستے اور فون کالز مہنگی ہوجائیں گی۔ شوکت ترین کا کہنا تھاکہ حکومت نے ای کامرس کو سیلز ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔بجٹ میں آئی ٹی زون کیلئے پلانٹ، مشینری ، سازو سامان اور خام مال پر ٹیکس چھوٹ کی تجویز دی گئی ہے ۔ ا نہوں نے کہا کہ موبائل سروسز پر ودہولڈنگ ٹیکس 8 فیصد تک بتدریج کم کیا جائے گا۔