قومی اسمبلی اجلاس ، 7 اراکین کے داخلے پر پابندی عائد

قومی اسمبلی اجلاس ، 7 اراکین کے داخلے پر پابندی عائد
اسلام آباد :اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ہنگامہ آرائی کے معاملے پر بڑاایکشن لے لیا ،حکومتی اور اپوزیشن کے 7 اراکین اسمبلی کے ہال میں داخلے پر پابندی لگا دی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں بتایا کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس اور قائد حزب اختلاف کی تقریر کے دوران خلل پیدا کرنے والے ارکان جن کا رویہ غیر پارلیمانی اور نامناسب تھا ان کے ایوان میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔



جن حکومتی اور اپوزیشن کے 7 اراکین پر اسمبلی میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں پی ٹی آئی کے علی نواز اعوان، عبدالمجید خان، فہیم خان،مسلم لیگ ن کے شیخ روحیل اصغر، علی گوہرخان، چوہدری حامد حمید اورپیپلز پارٹی کے آغا رفیع اللہ شامل ہیں ۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب اس سلسلے میں متعلقہ اراکین اور اسمبلی سیکورٹی کو احکامات جاری کردئیے گئے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے نازیبا الفاظ استعمال کرنے والے ممبران پر اسمبلی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کردی ۔ ارکان پر پابندی اگلے احکامات تک عائد رہے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی بجٹ تقریر کے دوران حکومتی اراکین اور وزرا کی جانب سے شور شرابہ کیا گیا تھا جبکہ اپوزیشن نے بھی اس میں بھرپور حصہ لیا تھا۔ قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ کے دوران ایوان کا ماحول مزید گرم ہوگیا جبکہ ایک حکومتی رکن نے شہباز شریف پر کتاب اچھال دی۔کتاب اپوزیشن لیڈر کو لگنے کے بجائے ڈائس پر گری۔شہباز شریف نے تقریر شروع کی تو ان کے اراکین نے انہیں گھیرے میں لیے رکھا اور حکومتی اراکین کو قریب آنے کا موقع نہیں دیا تاہم وہ شور شرابہ اور یہاں تک کہ ایوان کے اندر سیٹیاں بھی بجاتے رہے۔