وزیر اعظم عمران خان کا امریکہ کو اڈے دینے سے صاف انکار

وزیر اعظم عمران خان کا امریکہ کو اڈے دینے سے صاف انکار
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ کو افغانستان میں کارروئی کے لیے اڈے دینے سے صاف انکار کر دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ممکن ہی نہیں کہ ہم امریکہ کو افغانستان میں کارروائی کے لیے پاکستان میں اڈے دیں۔امریکی چینل کو انٹرویو میں میزبان نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ "کیا آپ امریکی حکومت کو اجازت دیں گے کہ سی آئی اے یہاں پاکستان سے سرحد پار القاعدہ، داعش اور طالبان کے خلاف انسداد دہشت گردی کے مشنز سرانجام دے سکے "۔ اس کے جواب میں وزیراعظم کا کہناتھاکہ کہ "بالکل نہیں " اس بات کا کوئی امکان نہیں ہے کہ ہم اجازت دین گے "۔ امریکی نجی ٹی وی چینل کو وزیراعظم کا دیا گیا یہ انٹرویو اتوارکو ایسٹرن ٹائم کے مطابق شام چھ بجے نشر کیا جائیگا۔ جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق پیر کی صبح تقریباََ تین بجے نشر کیا جائیگا۔

یاد رہے کچھ روز قبل ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے پاکستان میں امریکی ائر بیس کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان باتوں میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ہے اور پاکستان میں کوئی بھی امریکی بیس نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی تجویز زیر غور تھی نہ ہے، پاکستان میں امریکی بیس سے متعلق قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔جبکہ اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی کہہ چکے ہیں کہ امریکہ کو فضائی اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور نہ ہی انسداد دہشت گردی آپریشنز کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کا معاہدہ ہوگا۔