پنجاب میں کورونا ویکسین کی شدید قلت ، شہری خوار ہوگئے

پنجاب میں کورونا ویکسین کی شدید قلت ، شہری خوار ہوگئے
لاہور: پنجاب میں کورونا ویکسین کی شدید قلت پیدا ہوگئی، لاہور کے ایکسپو سنٹر میں سٹاک ختم ہونے کی وجہ سے عوام خوار ہوگئے ، شہریوں کے احتجاج پر وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں واقع ایکسپو سنٹر میں کورونا ویکیسن ختم ہو گئی۔انتظامیہ کی جانب سے باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے کہ ویکیسن ختم ہو چکی ہے۔ بیرون ملک جانے والے افراد کو انتظامیہ نے روکا تو شہری آپے سے باہر ہوگئے۔ شہری ایکسپو ہال کے اندر گھس آئے، ایکسپو میں بدنظمی کے باعث ویکیسین کا عمل روک دیا گیا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ شہری ہال سے باہر جا کر قطار بنائیں، ایسی صورتحال میں ویکسین نہیں لگا سکتے۔ انتظامیہ نے عملے کو کاونٹرز بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جب تک شہری باہر قطار نہیں بناتے ویکسین کا عمل بند رہے گا۔

دوسری جانب وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے شہریوں کے احتجاج کا نوٹس لے لیا ۔ انہوں نے کہا ویکسین کی قلت کی خبر 2 دن سے چل رہی ہے، ہمیں چین نے 10 تاریخ کو ویکسین سپلائی کرنی تھی جس کی تاریخ 20 کر دی، سٹاک میں جتنا آسٹرازینکا پڑا تھا ہم نے لوگوں کو لگانی شروع کر دی، ایکسپو سینٹر میں انتظامیہ نے اعلان کیا آسٹرازینکا ختم ہوگئی، باقی ویکسین موجود ہے۔

یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اس وقت صرف آسٹرازینیکا ختم ہوئی ہے، آسٹرازینیکا پہلے لوگ لگوانے سےڈر رہے تھے اب لگوانا چاہ رہے ہیں، سائنو فام اور سائنو ویک ویکسین دستیاب ہے، ایکسپو سینٹر میں کوئی شور شرابہ نہیں ہے، امید ہے پیر سے معمول کی ویکسین لگانا شروع کر دیں گے۔