پٹرول کے بعد ایل پی جی بھی مہنگی کر دی گئی

پٹرول کے بعد ایل پی جی بھی مہنگی کر دی گئی
لاہور: حکومت نے غریب عوام پر مہنگائی کا ایک کے بعد ایک بم گرانا شروع کر دیا ۔ گزشتہ دنوں پٹرول مہنگا کرنےکے بعد آج ایل پی جی بھی مہنگی کر دی گئی۔ اوگرا نے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں اٹھارہ روپے چوراسی پیسے کا اضافہ کردیا ۔

نیشنل آئل اینڈ گیس ریگور لیٹری اتھارٹی (او گرا ) کی جانب سے جاری نئے نرخوں کے مطابق گھریلو سلنڈر دو سو بائیس روپے اٹھائیس پیسے مہنگا ہوگیا ہے۔ گیارہ اعشاریہ آٹھ کلوگرام گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت اٹھارہ سو نواسی روپے ستاون پیسے ہوگئی۔

حکومت نے31مئی2021 کو بھی ایل پی جی کی قیمت بڑھائی تھی۔ یکم جون سے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 94 روپے 89 پیسے مہنگا کیا گیا تھا۔ فی کلو ایل پی جی 8 روپے مہنگی کی گئی تھی۔ ایک ماہ قبل 11.8 کلوگرام کےگھریلو سلنڈر کی قیمت 1667 روپے 29 پیسے تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں بھی اضافہ کیا تھا۔ پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی جب کہ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 44 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا۔اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ تجویز کیا تھا۔ ڈیزل کی قیمت میں 3روپے 44پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی۔