خواجہ سراؤں کیلئے بنائے گئے سکول میں تعلیم کا باقاعدہ آغاز

خواجہ سراؤں کیلئے بنائے گئے سکول میں تعلیم کا باقاعدہ آغاز
ملتان: خواجہ سراؤں کے لیے پہلی مرتبہ باقاعدہ سکول شروع ہو گیا ، جس میں اب تک 18خواجہ سراؤں نے داخلہ لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملتان کے گورنمنٹ کمپری ہینسو سکول میں 18خواجہ سرا زیر تعلیم ہیں جن کو پہلی جماعت کا سلیبس ایم فل خواجہ سرا ہی پڑھا رہے ہیں۔تعلیم کے حصول کیلئے خواجہ سراؤں کی خوشی قابل دید ہے جس کو چار چاند لگانے کیلئے حکومت نے انھیں مفت کتابیں، یونیفارم کیساتھ پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی فراہم کر دی ہے۔پہلے مرحلے میں خواجہ سراؤں کو لکھنا پڑھنا جبکہ دوسرے مرحلے میں ٹیلرنگ، بیوٹی پارلر اور سلائی کڑھائی سکھائی جائیگی ۔

اس حوالے سے وزیر تعلیم پنجاب مراد کا کہنا ہے کہ ہم نے خواجہ سراؤں سے تعلیم پر کافی بات چیت کی ہے۔ ان کے لیے الگ اسکول بنانے کی ضرورت اس لیے پیش آئی کیونکہ یہ دوسروں کے ساتھ اسکول آنے کے لیے تیار نہیں تھے۔اس منصوبے کا مقصد ٹرانس جینڈرز میں تعلیم کو فروغ دینا ہے۔ ٹرانس جنڈرز ہمارے معاشرے کا ایک بہت بڑا حصہ ہیں جس کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

پاکستان میں پہلی بار ان کی تعلیم کے لیے اسکول بنایا گیا ہے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ انھیں محتلف ہنر بھی سکھائے جائیں گے جیسے سلائی، کھانا پکانا وغیرہ تا کہ یہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ حود مختاربھی ہو سکیں۔