وزیراعلیٰ پنجاب کا اولمپئن نوید عالم کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار

وزیراعلیٰ پنجاب کا اولمپئن نوید عالم کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے قومی ہاکی کے اولمپئن نوید عالم کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کا اظہار کیا ۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق اولمپئن نوید عالم کے انتقال پردلی دکھ ہواہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت کرے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ نوید عالم نے ہاکی کے میدان میں پاکستان کا نام بلند کیا۔نوید عالم کی ہاکی کے میدان میں پاکستان کے لئے خدمات کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور اولمپئن نوید عالم انتقال کر گئے ، وہ بلڈ کینسر کا مرض تشخیص ہونے کے بعد سے لاہور کے شوکت خانم کینسر ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔ گزشتہ دنوں نوید عالم کی بیٹی نے والد کے علاج کے لیے وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں سے مدد کی اپیل کی تھی۔

ان کی بیٹی کا کہنا ہے کہ بابا نے پاکستان کو 1994 کا ورلڈ کپ جتوایا، علاج میں مدد کی ضرورت ہے۔بعدازاں پنجاب اور سندھ کی حکومتوں نے ان کے علاج کی ذمہ داری اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔