پیٹرول کے بعد ایل پی جی کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

پیٹرول کے بعد ایل پی جی کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
لاہور: اوگرانوٹیفکیشن کے بغیر ایل پی جی قیمت میں تیسری بار اضافہ ہوگیا،گزشتہ 3روز میں ایل پی جی کی قیمت 15 روپے اضافے کے ساتھ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

ایک نیوز کے مطابق ایل پی جی نے ہیٹ ٹرک کر لی ، تین روز کے دوران قیمت میں تیسری بار اضافہ ہو گیا ۔ ایل پی جی قیمت میں 15روپےاضافے کے بعد 175 روپے فی کلو تک پہنچ گئی،گھریلو سلنڈر کی قیمت 50 روپے اضافے کے بعد 2050 روپے ہوگئی۔ جبکہ کمرشل سلنڈر 200 روپے اضافے کے بعد 7915 روپے تک پہنچ گیا۔ یا درہے کہ اوگرانے ایل پی جی کی قیمت 160 روپے فی کلو مقرر کی تھی۔

دوسری جانب چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ پولیس کی مداخلت کو ختم کیاجائے اور ٹیکس کو ختم کیاجائے تو ایل پی جی سستی ملے گی،ورنہ کل لاہور سے شروع ہونے والا احتجاج ملک گیر احتجاج میں تبدیل ہوجائیگا اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری ہےگا۔