32 ویں اولمپکس گیمز کا آغاز آج سے ہوگا

32 ویں اولمپکس گیمز کا آغاز آج سے ہوگا
ٹوکیو : 32 ویں اولمپکس گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ٹوکیو میں آج شام 4 بجے شروع ہوگی۔امریکی خاتون اول بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقد ہونے والے اولمپکس 23 جولائی سے آٹھ اگست 2021 تک جاری رہیں گے، عالمی وبا کورونا کے باعث ٹوکیو اولمپکس تماشائیوں کے بغیر ہوگا، افتتاحی تقریب میں صرف 950 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔3کھیلوں کے 50 ڈسپلن میں 339 ایونٹس ہوں گے۔ ٹوکیو دوسری مرتبہ اس ایونٹ کی میزبانی کااعزاز حاصل کر رہا ہے۔اس سے قبل 1964 میں یہاں پوری دنیا سے کھلاڑی جمع ہوئے تھے ۔

پاکستان اپنے 10 اتھلیٹس پر مبنی سکواڈ کے ساتھ ٹوکیو اولمپکس 2021 میں شرکت کر رہا ہے۔پاکستان کے لیے سب سے بڑا اولمپکس روم میں 1960 کا تھا، جب اس کی ہاکی ٹیم نے سونے اور کشتی میں کانسی کا ایک تمغہ اپنے نام کیا تھا۔اولمپکس ولیج میں کوویڈ کیسز کی تعداد میں بھی اضافہ ہواہے، اب تک مجموعی طور پر 87 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جن افراد میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ان میں 12 ایتھلیٹس بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ یہ میگا ایونٹ گذشتہ سال 24 جولائی سے شروع ہونا تھا لیکن کورونا وبا کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا۔ یہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے جب اولمپکس منسوخ کرنے کی بجائے ملتوی کیے گئے ۔