آئمہ بیگ نے شہباز شگری سے منگنی کرلی

آئمہ بیگ نے شہباز شگری سے منگنی کرلی
لاہور: پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے اداکار شہباز شگری سے باضابطہ طور پر منگنی کرلی۔ جس کی تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔

آئمہ بیگ اور شہباز شگری کی منگنی کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس میں شوبز ستاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس نئی جوڑی کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔منگنی کی تقریب میں گلوکار و موسیقار بلال سعید اور اداکارہ ہانیہ عامر کے علاوہ دیگر شوبز شخصیات اور موسیقی سے وابستہ افراد بھی شریک ہوئے جب کہ دونوں کے رشتے داروں نے بھی شرکت کی۔



منگنی کی تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں، جن میں دونوں کو خوش دیکھا جا سکتا ہے۔خیال کیا جا رہا ہے کہ اہل خانہ کی رضامندی سے باضابطہ منگنی ہوجانے کے بعد اب دونوں ممکنہ طور پر رواں برس کے اختتام یا پھر آئندہ سال کے آغاز تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔



آئمہ بیگ اور شہباز شگری نے رواں برس 20 مارچ کو انسٹاگرام پوسٹس کے ذریعے منگنی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تصاویر شیئر کی تھیں ۔ آئمہ بیگ کی جانب سے انسٹاگرام پر اپنے ہاتھ کی تصویر شیئر کی گئی تھی جس میں انہوں نے انگوٹھی پہن رکھی تھی، ساتھ ہی آئمہ نے شہباز شگری کوپوسٹ میں ٹیگ کیا تھا۔



خیال رہے کہ آئمہ بیگ گلوکاری کے میدان میں اپنا لوہا منوا چکی ہیں جبکہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے شہباز شگری ماڈلنگ کے ساتھ اداکاری بھی کرتے ہیں۔شہباز شگری کی شادی اداکارہ عائشہ لینیا سے ہوئی تھی تاہم ان کے درمیان جون 2018 میں طلاق ہوگئی۔