طوفانی بارشوں نے جڑواں شہروں میں تباہی مچا دی ، فوج سے مدد طلب

طوفانی بارشوں نے جڑواں شہروں میں تباہی مچا دی ، فوج سے مدد طلب
اسلام آباد: طوفانی بارشوں نے جڑواں شہروں میں تباہی مچا دی ، شہر اقتدار پانی میں ڈوب گیا۔ نالوں میں تغیانی سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی .

طوفانی بارشوں کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی میں انتظامیہ کے جھوٹے دعوے بے نقاب ہوگئے ، دو روز سے بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہونے پر راولپنڈی اور اسلام آباد انتظامیہ حرکت میں آئی، نالہ لئی، راول ڈیم کے اطراف علاقوں میں اعلانات، سوشل میڈیا پر سب اچھا کی رپورٹ دینے والے ڈی اسلام آباد عوام کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل کرتے رہے۔

اسلام آباد میں ایف ٹین، ای الیون، ڈی ٹوایلیوو 12میں پانی گھروں اور پلازوں کی بیسٹمنٹ میں داخل ہوگیا۔ سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں، پانی کے ریلے متعدد گاڑیاں بہا کرلے گئے۔ راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیر آب آنے اور نالہ لئی میں پانی کی سطح 16فٹ تک بلند ہونے پر پاک فوج کے دستے انتظامیہ کی مدد کو پہنچے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات اسی شدت کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔ جب کہ تیز بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دو سے تین روز تک جاری رہے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہنگامی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے اور پاک فوج کے دستے بھی امدادی کاموں میں شریک ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے نالہ لئی پہنچے اور 90 روز میں نالہ لئی پر کام شروع کرنے کا وعدہ کیا۔

ادھر آزاد کشمیر میں بھی مون سون کی طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، مطفر آباد میں بارش کے بعد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور بھاری پتھر گرنے سے ٹریفک معطل ہوگئی جبکہ کہوڑی نالہ واٹر ویلج پارک کو بہا لے گیا۔