سعودی عرب نے عمر ہ درخواستوں کی وصولی شروع کر دی

سعودی عرب نے عمر ہ درخواستوں کی وصولی شروع کر دی
جدہ : سعودی عرب نے آج سےعمر ہ درخواستوں کی وصولی دوبارہ شروع کر دی ۔ سعودی وزارت حج کے مطابق عمرہ کرنے والوں کی گنجائش 60 ہزار یومیہ رکھی جائے گی اور ہر ماہ 20 لاکھ افراد عمرہ ادا کرسکیں گے۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے ان غیر ملکیوں کو بھی عمرہ کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے جہنوں نےویکسین کی مکمل خوراکیں لگوائی ہیں۔ عازمین کو اپنی عمرہ درخواست کے ساتھ کووڈ 19 ویکسینیشن کا سرٹیفکیٹ لگانا ہوگا۔کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کو برقرار رکھتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والے زائرین کو مکہ اور مدینہ کے مقدس مقامات پر داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

جن ممالک کے افراد کا سعودی عرب میں داخلہ منع ہے، وہاں سے تعلق رکھنے والے زائرین کو سعودی عرب پہنچنے پر قرنطینہ بھی کرنا ہوگا،پاکستان سے تعلق رکھنے والے زائرین کو بھی ویکسین کی خوارکیں مکمل کرنے کے باوجود سعودی عرب پہنچنے پر قرنطینہ میں وقت گزارنا ہوگا۔

سعودی عرب کی منظور شدہ چار ویکسینز ہیں جن میں فائزر، آیسٹرا زینیکا، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔ گزشتہ برس اکتوبر میں اندورنِ ملک سے تعلق رکھنے والے افراد کو عمرے کی اجازت دی گئی تھی۔ جبکہ کورونا وبا پھیلنے کے بعد رواں برس بھی صرف سعودی عرب سے تعلق رکھے والے افراد کو محدود پیمانے پر حج کی اجازت دی گئی تھی۔ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے تقریباً ڈیڑھ سال بعد سعودی عرب نے غیر ملکیوں کو بھی عمرے کی اجازت دے دی ہے۔