افغانستان سے بھارت کی چھٹی ، آخری قونصل خانہ بھی بند

افغانستان سے بھارت کی چھٹی ، آخری قونصل خانہ بھی بند
کابل : بھارت نے افغانستان کے صوبے بلخ کے دارالحکومت مزار شریف میں بھارت کا آخری قونصل خانہ بھی بند کردیا ۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے مزار شریف میں نہ صرف اپنا قونصل خانہ بند کیا بلکہ اپنے تمام شہریوں کو بھی اس شہر سے نکالنے کیلئے خصوصی طیارہ بھی بھجوایا۔

رپورٹ کے مطابق اس شہر میں افغان طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں کافی دنوں سے جاری ہیں، جس کے بعد بھارت نے اس شہر سے اپنے تمام شہریوں کو فوری طور پر وطن واپسی کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی فوج کے انخلا کے بعد طالبان کی جانب سے شمال ، مغرب اور جنوبی میں افغانستان کے متعدد شہروں پر قبضےکا سلسلہ جاری ہے اب تک افغانستان کے سات شہروں پر طالبان نے قبضہ کرلیا ہے۔

دوسری جانب طالبان کے بڑھتے اثر رسوخ کے بعد بھارت نے افغانستان میں اپنے قونصلیٹ بند کرنے اور اپنے شہریوں کے انخلا کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے اور آج بھارت نےاپنا آخری قونصل خانہ بھی بند کردیا ہے اور اب صرف کابل میں بھارتی سفارتخانہ فعال ہے۔