طالبان افغانستان کے نئے حکمران ، اشرف غنی ملک چھوڑ کر فرار

طالبان افغانستان کے نئے حکمران ، اشرف غنی ملک چھوڑ کر فرار
کابل : طالبان افغانستان کے نئے حکمران بن گئے ، طالبان نے صدارتی محل پر قبضہ کر لیا۔افغان صدر اشرف غنی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور وہ نائب صدر امراللہ صالح سمیت ٹیم کے دیگر اراکین کے ہمراہ ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان صدر تاجکستان پہنچ گئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان نے صدارتی محل پر قبضہ کر لیا ہے ۔ادھر افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ طالبان کو کابل میں داخل ہونے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ کابل میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز فرائض سرانجام نہیں دے رہے، انتشار اور چوری ڈکیتی روکنے کیلئے طالبان کو کابل شہر میں داخلے کا حکم دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ کابل کے شہری مجاہدین سے خوفزدہ نہ ہوں، طالبان شہر کو محفوظ بنانے میں کردار ادا کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مجاہدین کو حکم دیا گیا ہے کہ کسی کے گھر میں داخل نہ ہوں۔

دوسری طرف غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سابق افغان وزیر داخلہ علی احمد جلالی عبوری حکومت کے سربراہ ہوں گے۔ سابق افغان وزیر داخلہ علی احمد جلالی کو عبوری حکومت کا سربراہ بنانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔افغانستان کے قائم مقام وزیر داخلہ عبدالستار مرزا کورال نے کہا ہے کہ کابل پر حملہ نہیں ہو گا اور طالبان کو اقتدار پرامن طریقے سے منتقل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز شہر کی حفاظت یقینی بنائیں گی۔